پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ملک بھر میں ہڑتال، متعدد پمپس بند

لاہور(پاک ترک نیوز) پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ملک میں بھرہڑتال کے باعث اکثر مقامات پر پٹرول پمپس بند ہیں، پٹرول نہ ملنے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ چند ایک مقامات پر پٹرول پمپس کھلے ہیں وہاں شہریوں کی لمبی قطاریں موجود ہیں ۔ پٹرول پمپس کی بندش کے باعث پبلک ٹرانپورٹ بھی متاثر ہوئی ہے ۔
شہری پٹرول کی تلاش میں ایک پمپ سے دوسرے پر چکر لگانے کیلئے مجبور ہوگئے۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ حکومت نے پی ایس او کے پٹرول پمپس کھلے رہنے کا وعدہ کیا لیکن ان میں سے بھی بیشتر بند ہیں۔ کچھ شہروں میں جہاں چند پٹرول پمپس کھلے ہیں وہاں لمبی قطاریں لگی ہیں۔
اوگرا نے پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا نوٹس لیکر مارکیٹنگ کمپنیوں کو بلا تعطل سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپس کی ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپس 9 روپے کا اضافہ کروانا چاہتے ہیں، چند کمپنیوں کو نوازنے کے لئے 9 روپے کا اضافہ نہیں کیا جا سکتا، جائز مطالبات مانیں گے، ناجائز مطالبات تسلیم نہیں کریں گے، عوام کو پریشان کرنا درست نہیں۔

 

#petrolpumps#strikePakistan