اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن ہار چکے، اب عوام سے لڑنے کی تیاری کر رہےہیں، ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت ہوئی تو قانون حرکت میں آئے گا، صاف شفاف اور پر امن انتخابات کو یقینی بنائیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پرویز خٹک، اسد قیصر علی محمد خان اور مراد سعید ان فسادیوں کو شیلٹر دے رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے احکامات اور قانون کو توڑنے والوں کو قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا، پی ٹی آئی ٹائیگرز سے غنڈہ گردی کرائی گئی تو نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہوگا۔
اطلاع ملی ہے پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں، حلقے سے باہر کے پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست اسی سازش کا حصہ تھی، خیبر پختونخواہ کے بھائیوں کو پنجاب کے بھائیوں سے لڑانے کا پلان ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار سال اقتدار میں عوام کو لوٹنے والوں کو 20 حلقوں کے عوام کا مینڈیٹ لوٹنے نہیں دیں گے، عمران کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ووٹ کے ذریعے عوام تدفین کی رسم ادا کریں گے۔