چور 30 سال سے ملک کا خون چوس رہے ،چاہتے ہیں ہم ان امریکی غلاموں کو تسلیم کریں،عمران خان

بھکر(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ چور 30 سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں ہم ان امریکی غلاموں کو تسلیم کریں۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم صرف اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور اللہ ہی سے مدد مانگتے ہیں، ہم اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکتے، اتنی بڑی تعداد میں آنے پر دریا خان کے لوگوں کا مشکور ہوں، ثناء اللہ مستی خیل کو لوٹا بنانے کی پوری کوشش ہوئی مگر وہ نہیں ہوئے، دریا خان سے جو بھی ایم پی اے بنتا ہے وہ ہر بار کیوں لوٹا ہو جاتا ہے، اس گرمی میں دریا خان کے لوگ آئے آپ کو سلام پیش کرتا ہوں، جب انسان کا کوئی قبلہ نہ ہو تو وہ لوٹا ہو جاتا ہے، جہاں فائدہ نظر آتا ہے لوٹے کا منہ اس طرف ہو جاتا ہے، قبلہ نہیں ہوتا تو جہاں سے پیسہ دھمکی ملتی ہے لوٹا وہیں چلا جاتا ہے، جب لوٹوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو وہ ملک تباہ کر دیتے ہیں۔

پنجاب میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے بھکر میں پی پی 90 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں ہم امریکی غلاموں کو تسلیم کریں، دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ہمارے لوگوں کو فون آتا ہے کہ تمہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں آپ سب نے لوٹوں کو شکست دینی ہے، میں نے آپ کی ڈیوٹی لگانا ہے آپ نے گھر گھر جانا ہے، امریکی سازش کے تحت ہم پر چوروں اور ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا ، سیاست میں 26 سال سے ان چوروں کا مقابلہ کر رہا ہوں، یہ الیکشن نہیں بلکہ جہاد ہے، یہ چور 30 سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں ہم ان امریکی غلاموں کو تسلیم کریں، ہمیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ہمارے لوگوں کو فون آتا ہے کہ تمہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیں گے، صحافیوں پر ایف آئی آرز کٹ رہی ہیں، مجھ پر بھی ایف آئی آرز درج ہیں، ہزاروں بھی درج ہوں اور میری جان بھی چلے جائے تو چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔
عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے ملک کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا اور معیشت تباہ کردی، سب نوجوانوں کو خود بھی نکلنا ہے اور عام عوام کو بھی نکالنا ہے، یہ چور صرف ایک طرح الیکشن جیت سکتے ہیں اور وہ دھاندلی ہے۔ ہمیں مل کر دھاندلی کو شکست دینی ہے اور انشاءاللہ ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرنا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ نوجوانوں کے لیے خاص پیغام دینا چاہتا ہوں، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب حقیقی آزادی کے لیے جہاد ہے، ملک پر بیرونی سازش کے تحت چوروں کو مسلط کیا گیا، چوروں نے اقتدار میں آ کر اپنی چوری بچانے کے لیے 11 سو ارب کا ڈاکہ مارا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ بارشوں نےایک مرتبہ پھر سندھ میں زرداری اورخاندان کے 14سالہ کرپٹ دورِاقتدار کی حقیقت بےنقاب کردی ہے۔ کرپشن کیسےگورننس کو تباہ کرتی ہے، یہ اسکی مثال ہے۔ کراچی کو دیاجانےوالا پیسہ جعلی اکاؤنٹس کی نذر ہوا یا دبئی کی جائیدادوں میں لگا دیا گیا۔ شر کے اس گٹھ جوڑ کاخاتمہ اب لازم ہے۔

@imrankhan#bhakkar#chairmanpti#imrankhanjalsa#jalsa#PakTurkNews#pti#ptijalsa