چینی باشندوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،وزیراعظم

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ چینی باشندوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ۔وزارت داخلہ اور سکیورٹی ادارے چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائیں ۔ وزیراعظم نے چین کی ویکسین کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیش کش کا خیر مقدم کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، احسن اقبال اور دیگر نے شرکت کی۔
وزیر اعظم کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، وزارت داخلہ اور سیکیورٹی ادارے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائیں۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سائنو ویک کے وفد نے بھی ملاقات کی اور وزیرِاعظم کو ویکسینیشن مہم کے دوران سائنو ویک کی فراہمی پر بریفنگ دی۔ کمپنی نے پاکستان میں بیماریوں کی تشخیص، بچاؤ اور علاج میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کیا، جس پر وزیراعظم نے چینی کمپنی کی طرف سے سرمایہ کاری کی اس پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے لیے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیرِ صحت کو معاملہ پر ایک ٹاسک فورس بنانے اور فوری کام کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے پر کام شروع کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاکستان کورونا کے دوران چینی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

#China#chinescitizen#PakTurkNews#security#shahbazsharif