کاراباخ جنگ میں ترکی کی مدد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، ترک سفیر کے لئے "آرڈر آف فرینڈشپ” ایوارڈ

    • آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے کہا ہے کہ کاراباخ کی جنگ میں ترکی کی مدد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور آذربائیجان کے عوام کے دلوں میں اس یاد تاحیات زندہ رہے گی۔
      انہوں نے یہ بات آذربائیجان میں سبکدوش ہونے والے ترک سفیر ارکان اوزورل کو "آرڈر آف فرینڈشپ” ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
      انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کے رشتے کو مضبوط بنانے میں ترک سفیر کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ آذربائیجان ترک مدد کو کبھی نہیں بھول سکتا۔
      الہام علی یوف نے کہا کہ ارکان اوزورل کی بحثیت ترک سفیر اور ترک شہری کی خدمات کو جس قدر سراہا جائے وہ کم ہے۔
      انہوں نے ترک سفیر سے کہا کہ آپ اپنے ملک ترکی واپس نہیں جا رہے ہیں بلکہ ہمارے وطن میں واپس جا رہے ہیں۔ ترکی آذربائیجانیوں کا دوسرا گھر ہے۔ آپ کی خدمات ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی اور ہمارے دلوں میں ترک قوم، صدر ایردوان اور ترک سفیر کا احترام ہمیشہ رہے گا۔ آذربائیجان کے عوام اور میڈیا آپ کی خدمات کا معترف ہے۔
      الہام علی یوف نے کہا کہ میرے دورہ ترکی اور یہاں پر بحیثیت سفیر آپ نے دونوں ملکوں کی عوام کی دوستی اور بھائی چارے کے رشتے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
      ترک سفیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آذربائیجان اور ترکی کو کبھی علیحدہ نہیں سمجھتے۔ دونوں ملک میرے اپنے وطن ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ ترکی میرا پہلا اور آذربائیجان دوسرا وطن ہے۔ یہ دونوں میرے لئے ایک جیسے ہیں۔ میرے لئے انقرہ اور باکو میں کوئی فرق نہیں ہے۔
      دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں جو مجھ سے ہو سکا وہ میں نے کوشش کی لیکن صدر الہام علی یوف اصل میں وہ شخصیت ہیں جس نے دونوں ملکوں کے عوام کے دل جیتے اور ترکوں کے لئے آذربائیجان کے دروازے کھولے۔