شیخو پورہ (پاک ترک نیوز) سکھ مذہب کے بانی باباگرونانک دیو جی کے 553جنم دن کے موقع پر بھارت سمیت دینا بھر سے ہزاروں سکھ یاتریوں کی گوردوارہ صاحب کرتارپور میں آمد ہوئی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نارووال محمد شاہ رخ نیازی نے ڈی پی او نارووال عمران رزاق اور سردار اندرجیت سنگھ ممبر پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ہمراہ سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا اور گردوارہ صاحب کی تعمیر کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی دیکھائی گئی۔
اس موقع پر سکھ یاتریوں کا کہنا تھاکہ پاکستان میں ہمیں بہت پیار ملا ہے، پاکستانی حکومت نے ہماری رہائش و خوراک کا بہترین بندو بست کیا ہے اور ہماری سکیورٹی کیلئے موثر انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے یہ خواہش ظاہر کی کہ دونوں ہمسایہ ممالک کو اپنے ویزوں کی شرائط میں نرمی کرنی چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پیار و محبت میں مزید اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کو عوام کے آنے جانے کیلئے راستوں میں دشواری نہیں بلکہ آسانیاں پیدا کر نی چاہیے۔
اس موقع پر شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی اندیا کے پارٹی لیڈر پریت سنگھ،دلجیت سنگھ دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی،شرنجیت سنگھ جتھہ لیڈر ہریانہ کمیٹی،شمیشیر سنگھ جتھہ لیڈر کشمیر کمیٹی سمیت انڈیا کی مختلف ریاستوں اور علاقوں کی سنگتوں اور جتھوں کے عہدیداران نے بھی بہترین انتظامات پر پاکستان گورنمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ دنیا بھر سے تشریف لائے ہوئے سکھ یاتری آج گوردوارہ صاحب میں اپنی مذہبی عبادات ادا کریں گے اور رات گوردوارہ صاحب کرتارپور میں قیام کرنے کے بعد کل واپس چلے جائیں گے۔
گوردوارہ صاحب کرتارپور میں سکھ یاتریوں کے لیے لنگر سمیت رھائش کے بہترین انتظامات کیے گئے تھے ۔