کورونا وبا ،عالمی سیاحت کو 20کھرب ڈالر نقصان کا خدشہ

لاہور(پاک ترک نیوز) وبائی مرض کورونا نے جہاں ہر شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کیا ہے وہیں پر عالمی سیاحت بھی اس کی لپیٹ میں آئے بغیر نہیں رہ سکی ہے۔ سیاحت کا شعبہ بھی عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے شعبوں میں سے ایک ہے ۔اس وبائی مرض کے باعث عالمی سیاحت کو 20کھرب ڈالر نقصان کا خدشہ ہے اور اس سے وابستہ افراد بھی شدید متاثر ہوئے ہیں ۔اقوام متحدہ نے عالمی سیاحت کی بحالی کو ’’نازک‘‘ اور ’’سست‘‘ قرار دیا ہے۔

ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی جانب سے یہ پیش گوئی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب یورپ انفیکشنز میں اضافے سے دوچار ہے اور اومی کرون نامی کرونا کی نئی قسم بھی سامنے آئی ہے جو پوری دنیا میں پھیل رہی ہے۔

ادارے کے مطابق، رواں سال بین الاقوامی سیاحوں کی آمد 70 سے 75 فیصد تک رہے گی جو کہ 2019 میں وبائی مرض سے پہلے ریکارڈ کی گئی ڈیڑھ بلین سے کم ہے جبکہ 2020 میں بھی اسی طرح کی کمی ہے۔

یو این ڈبلیو ٹی او کے مطابق عالمی سیاحت کے شعبے نے وبائی امراض کی وجہ سے پچھلے سال بھی 20کھرب ڈالر کی آمدنی کا نقصان کیا ہے۔ سیاحت کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں میں سے ایک ہے۔

واضح رہے کہ عالمی سطح پر کرونا وائرس سے 26 کروڑ 10لاکھ افراد متاثر جبکہ 52 لاکھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

#indianfarmers#PakTurkNews#worldtourismorganization