یوکرینی افواج کا روس سے اپنا اہم علاقہ واپس لینے کا دعوی

 

کیف(پاک ترک نیوز) یوکرینی افواج نے دعوی کیا ہے کہ اس کی فوج نے روس سے اہم سٹریٹجک علاقہ روس سے واپس لے لیا ہے ۔آزاد کرایا گیا علاقہ روسی حملے کا مرکز تھا۔
یوکرین حکام کا کہنا ہے کہ روسی پیش قدمی کو پیچھے دھکیل کر کھوئے ہوئے سیویروڈونٹسک کے 20 فی صد علاقے پر دوبارہ قبضہ حاصل کرلیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے صوبہ لوہانسک کے گورنر سرگئی گیڈائی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے روسی فوج کو واپس دھکیلنے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید بتایا کہ یہ ایسے وقت میں جب روسی کمک تعینات کی جا رہی تھی، شہر کا قبضہ واپس لینا آسان نہیں تھا۔
سرگئی گیڈائی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ ہفتے کے روز روسی حملوں میں مزید 4 افراد ہلاک ہوئے، جن میں ایک ماں اور بچہ بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی یوکرین کو دور تک ہدف بنانے والے ہتھیار ملیں گے، ہم روس کو اس کی پوزیشن سے بہت پیچھے دھکیل دیں گے اور تب روس کے پاس فرار کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
یوکرینی فوج کے مطابق روس نے اپنی فوجی قوت میں مزید اضافہ کرتے ہوئے شہر پر حملے کے لیے توپ خانے کا استعمال کیا ہے، تاہم ان کی قریبی قصبوں کی جانب پیش قدمی ناکام رہی۔

#attack#kviv#PakTurkNews#russiaukrainewar#ukraine#warrussia