یوکرین میں پھنسے پاکستانوں کو لے کر پی آئی اے کی خصوصی پرواز وطن واپس پہنچ گئی

لاہور(پاک ترک نیوز) یوکرین میں پھنسے پاکستان کو لے کر پی آئی اے کی خصوصی پرواز وطن واپس پہنچ گئی۔ خصوصی پرواز کے ذریعے 232پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا گیا۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے وزارتِ خارجہ اور حکومت کی ہدایت پر طیارہ علی الصبح پاکستان سے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا روانہ کیا تھا۔مسافروں کے استقبال کے لیے پی آئی اے اور وزارت خارجہ کی حکام ائیرپورٹ پر موجود تھے۔


تفصیلات کے مطابق پی کے 7788 نے رات 12 بجے اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر لینڈ کیا، وطن واپس پہنچنے پر طالب علم اور پاکستانی شہری فرط جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور اپنی سرزمین پر قدم رکھتے ہیں اُن کی آنکھیں نم ہوگئیں۔مسافروں نے وطن واپس پہنچ کر پاکستان زندہ باد اور پی آئی اے پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
اس سے قبل ترجمان پی آئی اے نے بتایا تھا کہ پی کے 7788 لاہور سے صبح 7 بجکر 23 منٹ پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے لیے روانہ ہوا، جو وارسا کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے لینڈ کرے گا۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ طیارہ وزارت خارجہ کی ایما پر روانہ کیا گیا ہے اور حکومت پاکستان کی ہدایات پر مزید پروازیں بھی چلائی جائیں گی تاکہ یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو باحفاظت وطن واپس لایا جا سکے۔
واضح رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد بیشتر پاکستانی طلباء اور شہری یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں۔

#islamabad#Lahore#oversesasepakistani#pakisani#PakTurkNews#ukraine