یروشلم (پاک ترک نیوز) اسرائیل کے شہر یروشلم میں بس سٹاپ پر دو بم حملوں میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ 18افراد زخمی ہو گئے ۔دھماکے کے بعد کئی گھنٹے تک تل ابیب سے یروشلم آنے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
دھماکا خیز ڈیوائس سوٹ کیس میں رکھ کر بس اسٹیشن پر رکھی گئی تھی، ایک دھماکا یروشلم کے داخلی راستے کے قریب مرکزی بس اسٹیشن پر ہوا جب کہ دوسرا دھماکا آدھے گھنٹے کے فرق سے راموت محلے میں بس اسٹاپ پر ہوا۔
بم دھماکے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیے گئے، دھماکا خیز مواد میں کیلیں اور نٹ بولٹ تھے، جس سے بس میں سوراخ ہو گئے۔ یہ دھماکے شہر کے مضافات میں دو مصروف علاقوں میں اس وقت ہوئے جب لوگ کام پر جا رہے تھے۔
بی بی سی کے مطابق مرنے والا نوجوان آریہ شوپک نامی اسرائیلی کینیڈین یہودی مدرسے کا طالب علم تھا، اسرائیل کے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ حملہ حالیہ برسوں میں ہونے والے حملوں سے بالکل مختلف تھا۔ ان کا اشارہ فلسطینیوں کی طرف تھا جو یا تو چاقو یا پھر پستول سے اسرائیلی مظالم کا جواب دیتے ہیں۔