افغانستان میں امن کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا، جنرل باجوہ

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا جبکہ غلط تاثر قائم کرنے اور کسی کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کیا جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت دو روزہ کورکمانڈرز کانفرنس کا انعقاد جنرل ہیڈکواٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کانفرنس میں عالمی، علاقائی اور داخلی سکیورٹی صورتحال کاجائزہ لیا گیا جبکہ کانفرنس کے شرکا نے پاک افغان سرحدی کی صورتحال اور اس کے پاکستان کی اندرونی سکیورٹی پر مضمرات کا جائزہ لیا، بالخصوص مغربی زون کی سکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

کور کمانڈرز سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان امن عمل کو مذاکرات کے ذریعے متفقہ حل تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی، ہم نے یہ کوشش خلوص نیت کے ساتھ کی اور کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ افغانستان میں قیام امن کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا، غلط تاثر قائم کرنے اور کسی کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کیا جائے، خرابی پیدا کرنے والے عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا ضروری ہے، حالیہ پیدا ہونے والی صورتحال میں سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی سوچ اختیار کرنا ہوگی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

آرمی چیف نے مؤثر بارڈر منیجمنٹ کنٹرول یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مغربی سرحد کے ساتھ اعلیٰ سطح کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے پر فارمیشنز کو سراہا جبکہ آرمی چیف نے کورونا، مون سون اور پولیو مہم میں سول انتظامیہ کو تعاون فراہم کرنے کی تعریف کی۔

افغان طالبانافغانستانافغانستان امن عملافغانستان امن مذاکراتپاک فوجپاکستان اور افغانستان