پاکستان کی قومی اسمبلی 31 مئی سے 3 جون کو ہونے والی اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کی دوسری جنرل کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔ ”علاقائی ہم آہنگی کے لئے پارلیمانی شراکتداری کے فروغ ” کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں مندوبین اور اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے اراکین پارلیمنٹ شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں افتتاحی اور اختتامی تقاریب ، خواتین پارلیمنٹیرینز کی میٹنگز ، بریک آؤٹ سیشن اور دو دن تک پینل ڈسکشن ہوں گے۔
وزیر اعظم عمران خان اور صدر ڈاکٹر عارف علوی کی افتتاحی یا اختتامی تقاریب میں شرکت متوقع ہے۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب یکم جون کو ہو گی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے۔
مندوبین وفود کے سربراہان بھی خطاب کریں گے جبکہ مہمان خصوصی اختتامی تقریب سے خطاب کریں گے۔ اسی طرح کانفرنس کی اختتامی تقریب دو جون کو ہو گی جس مین مہمان خصوصی، اسپیکرز، مندوب وفود کے سربراہان خطاب کریں گے۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اختتامی کلمات ادا کریں گے۔کانفرنس کے ایجنڈے کے مطابق تمام مندوبین آج 31 مئی کو اسلام آباد پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔یکم جون کو وفود کے سیکرٹریوں، ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس ہونگے۔
رکن ممالک کے وفود کے سربراہان کو ایجنڈا آئٹمز فراہم کیا جائے گا اور بریفنگ دی جائے گی۔ اس دوران خواتین پارلیمنٹرین کا بھی سیشن ہوگا اور موسمیاتی تبدیلی کے خواتین پر اثرات کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانفرنس کے دوران پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد ہو گا جس میں کووڈ19 کی صورتحال اور پائیدار ترقی کے اہداف پر عملدرآمد پر پڑنے والے اثرات پر مباحثہ ہوگا۔
تجارت اور روابط کے فروغ کیلئے پارلیمنٹرین کے کردار کے حوالے سے بھی سیشن منعقد ہوگا جبکہ سیاحت کے فروغ اور تخفیف غربت کے موضوع پر سیرحاصل گفتگو کی جائے گی۔کانفرنس کی مختلف نشستوں میں بعض شرکاء کی ورچوئل شرکت بھی ہوگی۔