القادر ٹرسٹ اور بلین ٹری میں 50 ارب کی کرپشن کی گئی، عمران جلد گرفتار ہو گا، نواز شریف

لندن (پاک ترک نیوز)
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہمیں مفت میں جلاوطنی اور جیلیں بھگتنا پڑی ہیں۔ جو شخص خود سر سے پاؤں تک کرپشن میں ملوث ہے وہ دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگا رہا ہے۔ عمران خان کی گرفتاری کا دن بھی جلد آئے گا۔
لندن میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ الله پاک نے شہباز شریف اور شریف خاندان کو سرخرو کیا۔ عمران خان کی ایما پر شہزاد اکبر نے شہباز شریف پر جھوٹے الزامات لگائے۔ برطانیہ کے سب سے بڑی اخبار ڈیلی میل نے عدم ثبوت کی بنا پر معافی مانگ لی۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ، کرپشن، کمیشن، کک بیکس، فنڈز اور آفس کے غلط استعمال کے شہباز شریف پر جھوٹے الزامات لگاۓ گئے، ان الزامات کی نیشنل کرائم ایجنسی پہلے ہی تحقیقات کر کے شہباز شریف کو کلین چٹ دے چکی ہے۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں نہ مسلم لیگ ن کی حکومت ہے، نہ تحریک انصاف کی اور نہ ہی کسی اور سیاسی جماعت کی، یہ ایک آزاد جمہوری ملک ہے، عوام کی حکمرانی ہے، وہ ملک یہ کہہ رہا ہے اس ملک کے اخبار نے معافی مانگی ہے، کسی کی معصومیت اور بے گناہی کا اس سے بڑا اور کیا ثبوت ہو، ڈیلی میل کے بغیر ثبوت الزامات پر معافی کے بعد عمران خان انکی پارٹی اور شہزاد اکبر کو اپنا سر شرم سے جھکا لینا چاہیے۔
سربراہ ن لیگ نے کہا کہ ہم پہ تو مفت میں ہی کیس بنتے رہے، مفت میں جلا وطن کیا گیا، مجھ پر ہائی جیکنگ کا کیس بھی بنایا گیا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نااہل کیا، 24 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کو 10 ہزار ریال تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ جسٹس شوکت صدیقی، جج ارشد ملک کیا کہہ گئے، خود ثاقب نثار کی آڈیو لیکس ہوئیں، یہ سب ہماری بے گناہی کے ثبوت ہیں۔ مریم نواز کے حق میں فیصلہ بھی عدم شواہد کی بنا پر آیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر کرپشن کے صرف الزامات نہیں بلکہ ثابت شدہ کرپشن ہے۔ بچے بچے کی زبان پر توشہ خانہ چوری کے قصے ہیں، جو شخص خود سر سے پاؤں تک کرپشن میں ملوث ہے وہ ان لوگوں پر الزامات لگا رہا ہے جنہیں برطانیہ کی عدالتوں سے، یہاں کی حکومتوں سے بے گناہی کے ثبوت ملے، پاکستانی قوم کو ان سب چیزوں کو غور سے دیکھ کر سمجھنا چاہیے۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2017 میں پاکستان تیزی سے بلندیوں کی طرف جا رہا تھا، اشیاء خور و نوش کی قیمتیں کیا تھیں؟ آٹا، دال کی قیمتیں کیا تھیں؟ بجلی کتنی سستی تھی بلکہ بجلی آ رہی تھی، ہم وہ ہیں جنہوں نے بجلی کی قلت کو پورا کیا، ہم وہ ہیں جنہوں نے پاکستان کی معیشت کو دن دگنی، رات چگنی ترقی دی، ہم وہ جنہوں نے پاکستان میں موٹر ویز بنائیں، ہم وہ ہیں جنہوں نے چند مہینوں میں بجلی کے کارخانے لگائے، لوڈ شیڈنگ کو 3 برسوں میں ختم کر دیا، ہم وہ ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، ہر شعبے میں ہماری خدمات قوم کے سامنے ہیں، اب بھی کوئی نہ سمجھے تو پھر کیسے سمجھایا جائے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک منصوبے کا نام بتائیں جس کی بنیاد انہوں نے رکھی ہو اور یہ فخر سے کہہ سکیں کہ یہ منصوبہ ہم نے شروع کیا تھا اور پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے، ایک منصوبہ، کوئی نام ہے تو بتا دو بھائی، خیبر پختونخوا میں ایک میٹرو بنائی وہ بھی فالٹی اور اربوں کا خرچہ نیب کیس بھی بن گیا، بلین ٹری اور القادر ٹرسٹ کی جب تفصیلات سامنے آئیں گی تو لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے، 50 ارب کی کرپشن ہے۔

@imrankhan#chairmainpti#nawazsharif#PakTurkNews#pmln#ptichairmainLondon