واشنگٹن(پاک ترک نیوز) امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے ،ری پبلکن پارٹی کی معمولی برتری بائیڈن انتظامیہ کی مشکلات میں اضافہ کر سکتی ہےفیصلہ آج ہو گا ۔
ایوان نمائندگان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی ایک تہائی یعنی 35 نشستوں کے لیے امریکی شہری حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
موجودہ سینیٹ میں دونوں جماعتوں کے پاس 50 نشستیں ہیں اور حکمران جماعت کو صرف نائب صدر کے اضافی ووٹ کی برتری حاصل ہے، وسط مدتی انتخابات کے نتائج میں معمولی رد و بدل پارٹی پوزیشن کو تبدیل کر سکتا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی تمام 435 اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز آمنے سامنے ہیں، سینیٹ میں خالی ہونے والی 35 نشستوں میں سے 21 ریپبلکنز کے پاس ہیں جبکہ 14 نشستوں پر ڈیموکریٹس اپنی سیٹ کا دفاع کریں گے۔
عوامی جائزے کی رپورٹس کے مطابق سینیٹ میں رپبلکن کو معمولی برتری ملنے کا امکان ہے، جبکہ ایوان نمائندگان میں رپبلکن پارٹی کی پوزیشن کافی مضبوط دکھائی دیتی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ امریکا میں جمہوریت خطرے میں ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے ریاست میری لینڈ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں جمہوریت خطرے میں ہے اور یہ وقت جمہوریت کو بچانے کا ہے۔ عوام کی مدد سے جمہوریت کو بچانے میں کامیاب ہوں گے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 15 نومبر کو ’بڑا اعلان‘ کرنے کا بیان جاری کیا ہے۔