امریکہ نے یوکرینی دارالحکومت کیف میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا

کیف (پاک ترک نیوز) امریکہ نے یوکرینی دارالحکومت کیف میں اپنا سفارتخانہ تین ماہ کے بعد دوبارہ کھول دیا۔
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم باضابطہ طور پر کیف میں سفارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوکرینی عوام نے روس کے بلاجواز حملے کے جواب میں اپنے وطن کا دفاع کیا ہے اور اس کے نتیجے میں امریکی پرچم ایک بار پھر سفارت خانے کے اوپر لہرا رہا ہے۔
انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اس لیے سفارتکاروں کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے یوکرین کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان کے ساتھ فخر سے کھڑے ہیں اوران کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ وہ کریملن کی وحشیانہ جارحانہ جنگ کے مقابلے میں اپنے ملک کا دفاع کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا نے روس کے 24 فروری کو یوکرین پر حملے سے چند روز قبل اپنا سفارت خانہ بند کردیا تھا۔
گذشتہ ایک ماہ کے دوران میں فرانس، جرمنی اور برطانیہ سمیت بہت سے مغربی ممالک نے بھی کیف میں اپنے سفارت خانے دوبارہ کھول دیے ہیں۔

 

#AntonyBlinken#embasy#Kyiv#PakTurkNews#reopen#SecretaryofState#ukraine#UkrainianPresident#VolodymyrZelenskyy#worldAmericarussia