امریکہ نے ترکی کو سفارتی سطح پر اپنے بحری بیڑے کی بحیرہ اسود آمد سے متعلق پیشگی اطلاع دےدی ہے.
ترک ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ امریکہ نے "مونٹریوکس کنونشن” کے تحت ترکی کو 15 روز پہلے پیشگی اطلاع دے دی ہے کہ اس کے دو بحری بیڑے بحیرہ اسود میں ترکی کی سمندری حدود سے گزریں گے۔ دونوں بحری بیڑے 4 مئی تک بحیرہ اسود میں قیام کریں گے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یوکرین کی سرحد پر روس اپنی فوجی طاقت بڑھا رہا ہے۔ امریکہ یوکرین کے لئے روسی خطرے کو کم کرنے کے لئے اپنے بحری بیڑے بھیج رہا ہے تاکہ مسلح تصادم کو روکا جا سکے۔
مونٹریوکس کنونشن کے مطابق غیر بحیرہ اسود کے ممالک کو اپنے بحری بیڑے بھیجنے سے پہلے متعلقہ ممالک کو آگاہ کرنا ہوتا ہے۔
امریکہ نے بحیرہ اسود میں پروازیں شروع کر دی ہیں تاکہ روس کی بحری فوج کی نقل و حرکت کو مانیٹر کیا جا سکے۔ روس ایک بار پھر یوکرین کے علاقے کرائیمیا پر حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔ روس نے اس علاقے پر 2014 میں قبضہ کر لیا تھا۔ روس یوکرین کے مشرقی علاقے دونباس میں باغی علیحدگی پسندوں کو مدد فراہم کر رہا ہے۔ 2014 سے اب تک ہونے والی جھڑپوں میں 13 ہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔