لندن (پاک ترک نیوز) پاکستان انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں کل سے کھیلے جانیوالے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے انگلش کرکٹ بورڈ نے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ۔ لیام لونگ سٹون اپنا ڈیبیو کریں گے جبکہ بین ڈکٹ 6برس بعد پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے ۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کیلئے انگلینڈ ٹیم میں کپتان بین اسٹوکس، جو روٹ، ہیری بروک، زیک کرالی، اولی پوپ، بین فوکس،جیک لیچ، اولی رابنسن اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔
پاک انگلینڈ ٹیسٹ سریز ٹرافی تقریب رونمائی بھی آج ہوگی۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس پریس کانفرنس بھی کریں گے۔شائقین کرکٹ کے لیے بھی سٹیڈیم میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں اب تک 85 ٹیسٹ میچز میں آمنے سامنے آ چکی ہیں ۔انگلینڈ کو 25 جبکہ پاکستان کو 21 میں فتح حاصل ہوئی ہے۔ 39 میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پاکستان میں آخری بار 2005/6 میں ٹیسٹ سریز کھیلی گئی تھی۔ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان نے انگلینڈ کو 2,0 سے شکست دی تھی۔
پاکستان کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کےلیے انگلینڈ ٹیم پاکستان میں موجود ہے، جبکہ دنوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔