آئی ایم ایف کا اگلی ڈیل سے پہلے ڈو مور کا مطالبہ

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) آئی ایم ایف نے اگلی قسط سے پہلے ڈومور کا مطالبہ کردیا ۔عالمی مالیاتی ادارے نے ٹیکس چھوٹ کا خاتمہ اور سٹیٹ بینک کی خودمختاری کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جلد ڈیل ہوجائے گی، آئی ایم ایف نے 5 پیشگی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے جن میں ٹیکس چھوٹ کا خاتمہ، سٹیٹ بینک کی خود مختاری بھی شامل ہیں جب کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ پورا کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس استثنی کا خاتمہ اور سٹیٹ بینک کی خود مختاری کے بل تیار کر لیے ہیں، وزارت قانون، قانونی بلز کے مسودے کو حتمی شکل دے رہی ہے، کرنسی ریٹ اور مانیٹری پالیسی سٹیٹ بینک کا دائرہ کار ہے۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس سال شرح نمو 5 فیصد سے زیادہ رہے گی، ہم غریبوں کو امداد دیں گے اور انہیں بغیر شرح سود کے قرض فراہم کریں گے، آئندہ 4 سال میں حکومت 1400 ارب روپے کامیاب پاکستان پروگرام پر خرچ کرے گی۔
شوکت ترین نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے لیے آئندہ چار سال میں ایک سو 40 ارب روپے کے قرض دیں گے، احساس پروگرام کے لیے 260 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور احساس راشن کے لیے 350 ارب روپے مختص کر رہے ہیں۔

 

#PakTurkNews#shaukattareenIMFPakistan