آصفہ بھٹو ڈرون ٹکرانے سے زخمی

خانیوال (پاک ترک نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو خانیوال میں پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے دوران ڈرون ٹکرانے سے زخمی ہو گئیں۔آصفہ بھٹو چیئر مین پی پی بلاول بھٹو کے ساتھ ٹرک پر موجود تھیں جہاں پر ان کے سر پر ڈرون لگ گیا۔ ڈرون لگنے کے بعد آصفہ اور بلاول دونوں کنٹینر کے اندر چلے گئے۔
ڈرون ٹکرانے کے بعد زیادہ زخمی ہونے کے باعث آصفہ بھٹو زرداری کو طبی امداد کے لیے ملتان منتقل کیا جا رہا ہے۔
خانیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری بہن آصفہ بھٹو بہت بہادر ہے، پتہ نہیں جان بوجھ کر یا غلطی سے ان کے سر پر ڈرون کیمرا لگا۔آصفہ بی بی ہمارے ساتھ تھیں اور ساتھ ہی رہیں گی۔ ایمبولینس والوں نے کہا سٹیچنگ ہوگی لیکن آصفہ نے کہا نہیں صرف پٹی کردیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنی چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری سے رابطہ کیا ہے اور ان کی خیریت دریافت کی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کے لیے دعا گو ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ میں دعا گو ہوں کہ آپ اور لانگ مارچ کے تمام شرکاء محفوظ رہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ کراچی سے شروع ہو کر منزل کی طرف رواں دواں ہے اس وقت لانگ مارچ خانیوال میں موجود ہے۔ اس کی اگلی منزل ساہیوال ہے۔

 

#asifabhutto#bilawabhuttozardari#dronecarmera#khanewal#pakistanpeoplesparty#PakTurkNews