مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے حج ایام کے دوران مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) میں موسم کے حوالے سے حج کے پانچ دنوں کے دوران شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے گذشتہ روز جاری ہونے والے بیان کے مطابق حج کے دوران منی، مزدلفہ اور عرفات میں درجہ حرارت 42 سے 44 سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔
دن کے وقت تیز ہوائیں چلیں گی۔ کھلے مقامات اور شاہراہوں پر گرد وغبار اٹھے گا۔ ہواؤں کی رفتار فی گھنٹہ 35 کلو میٹر یا اس سے کچھ زیادہ ہوگی۔اور حج ایام کے دوران حج مقامات پر ہواؤں کا رخ شمال مغرب سے مغرب کی جانب ہوگا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کے جنوبی بالائی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ منی، مزدلفہ اور عرفات میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ وقوف عرفہ کے دن سے 13 ذی الحجہ تک بارش ہوسکتی ہے۔ یاد رہے کہ کورونا سے پہلے 2019میں وقوف عرفہ کے روز مکہ مکرمہ اور عرفات سمیت گرد ونواح کے علاقوں میں دھواں دھار بارش ہوئی تھی۔