اسلام آباد (پاک ترک نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے 4ارکان نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کردیا جبکہ ایک ارکان نے حکومت کی حمایت کا اعلان کردیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، سابق صدر آصف علی زرداری ،شہباز شریف ،بلاول بھٹو اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا ۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے 4 ایم این ایز کے ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ باپ نے بطور جماعت یہ فیصلہ کیا ہے، انہیں یقین دلاتے ہیں بلوچستان کے مسائل کے لئے ان کے ساتھ کام کریں گے۔ ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
اس موقع پر شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری نے کہا کہ بلوچستان کی ہم پر بڑی مہربانی ہے۔ یہ میرے پاس آئے اور ہم نے ان سے ڈائیلاگ شروع کیا۔ بلوچستان ہے تو پاکستان ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ جلد شہباز شریف کو وزیر اعظم بنائیں گے۔
دوسری جانب اپوزیشن کا ساتھ دینے کے معاملے پر بلوچستان عوامی پارٹی میں بھی پھوٹ پڑ گئی ہے ، چار ارکان اپوزیشن جب کہ ایک حکومت کے ساتھ ہے۔