نئی دہلی (پاک ترک نیوز) بھارت میں ہندو جنونیوں کے ہاتھوں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے ۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مٹیالہ روڈ پر حال ہی قائم کئے گئے چرچ پر مشتعل ا فراد نے اس وقت حملہ کردیا جب وہاں دعائیہ تقریب کی جا رہی تھی۔ مشتعل افراد نے چرچ میں توڑ پھوڑ کی اور چرچ کی عمارت کو نقصان بھی پہنچایا ۔ مشتعل افراد کے ہاتھوں ایک شخص زخمی بھی ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق مشتعل ہجوم اور چرچ میں عبادت کے لیے آنے والوں کے درمیان تکرار لڑائی جھگڑے تک جا پہنچی جس میں چرچ کو نقصان پہنچا اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔عبادت کیلیے آنے والوں کا کہنا تھا کہ یہ عارضی عبادت گاہ ہے جب کہ مشتعل ہجوم نے کہا کہ چرچ کو بعد میں مستقل طور پر تعمیر کردیا جائے گا۔ جس کے بعد یہ مسئلہ پولیس تک پہنچا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی شرپسندوں کے ایک گروپ نے گودام کو چرچ میں منتقل کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے عبادت کے لیے آنے والوں کو روکا جس پر جھگڑا ہوگیا۔پولیس نے چرچ میں عبادت کے لیے آنے والوں پر کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرلیا جب کہ دوسرے گروپ پر چرچ پر حملے اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا گیا۔