بھارت کو ہرا کر پاکستان کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی جیتے پانچ برس مکمل ہو گئے

لاہور(پاک ترک نیوز) بھارت کو ہرا کر پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتے آج پانچ برس مکمل ہوگئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے یادگار لمحات اور فاتح کپتان سرفراز احمد کی یادوں پر مبنی ویڈیو سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیمپئینز ٹرافی جیتنا ہمارے لئے ایک یادگار لمحہ ہے، جن کو کبھی بھول نہیں پائوں گا، تمام کھلاڑیوں نے غیر معمولی پرفارمنس دی لیکن فخرزمان کی سنچری اور محمد عامر کا اسپیل ہمیشہ یاد رہے گا کیونکہ ایسی شاندار بولنگ بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف کے خلاف پوری ٹیم نے جان ماری اور اللہ نے پاکستان کو عزت دی۔سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم میٹنگ میں صرف یہ بات ہوئی کہ کامیابی کے لیے پازٹیو مائنڈ اور زبردست کمبی نیشن کے ساتھ کھیلنا ہے، اظہر علی نے بطور سینئر کھلاڑی اپنا کردار ادا کیا۔
انہوں نے سابق ہیڈکوچ مکی آرتھر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجھ سمیت تمام کرکٹرز کو ساتھ لے کر چلے، پہلے میچ کی نسبت فائنل میں بھارت کے خلاف ہم زیادہ اعتماد ہوکر میدان میں اترے اور ٹیم نے فتح سمیٹی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قسمت اچھی تھی کہ جب فخر زمان آؤٹ ہوئے تو وہ نوبال تھی، جس کے بعد انہوں نے سینچری اسکور کرڈالی اور میچ میں ہماری پوزیشن مستحکم ہوگئی۔

#championtrophy2017#fakharzaman#iccchampiontrophy2017#muhammadaamir#PakTurkNews#sarfrazahmedindiaPakistan