مری (پاک ترک نیوز) سانحہ مری کے دوران بھوربن روڈ پر برف پھینک کر رکاوٹیں بنا کر معصوم شہریوں کو لوٹنے والے افراد کیخلاف مری پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
دشوار گزار راستوں پر رات کی تاریکی میں خود برف پھیلانے والے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ سیاحوں کو نکالنے میں مدد کے نام پر بلیک میل کرکے رقوم ہتھیانےکی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔مری میں پھنسے ایک سیاح نے تمام صورتحال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔
مقدمہ پولیس کے اے ایس آئی محمد رمضان کی مدعیت میں درج ہوا جس کے مطابق نامعلوم ملزمان بھوربن روڈ پر برف پھینک کر پھسلن پیدا کرتے تھے، پھر پھنس جانے والی گاڑی کو جیپ سے نکالتے تھے۔
یہ ملزمان برف اور پھسلن میں پھنس جانے والوں سیاحوں سے 4 سے 5 ہزار وصول کرتے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے لیکن کوئی ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوا۔
ایف آئی آر کے مطابق بھوربن روڈ پر نیلے رنگ کی جیپ پر نامعلوم مقامی افراد نے از خود برف بکھیری۔ سیاح کی گاڑی برف میں پھنس جاتی ہے تو وہ افراد جیپ سے ٹو کرکے نکالنے کے پانچ ہزار روپے وصول کرتے ہیں۔ نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک پر پھیلائی گئی برف سے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ۔