ترکی کی معارف فاؤنڈیشن اور آذربائیجان کی وزارت تعلیم میں تعلیم کے شعبے میں تعاون کے مختلف منصوبوں پر دستخط ہو گئے۔
معارف فاؤنڈیشن کے صدر پروفیسر بیرول اکغن نے دارالحکومت باکو میں آذربائیجان کے وزیر تعلیم امین امراللہ یوف سے ملاقات کی۔ اس دوران آذربائیجان میں ترکی کے سفیر جاہید باغجی اور معارف بورڈ کے ڈائریکٹر جہد دمرلی بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت دونوں ملک تعلیم کے شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں گے۔ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے موجود معاہدے کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے۔
ترک حکومت نے مخلف ممالک میں قائم ترک اسکولوں کے انتظام کے لئے معارف فاؤنڈیشن قائم کی ہے۔ ترکی کی دہشت گرد تنظیم فیتو مختلف ممالک میں ترک اسکول چلا رہی تھی۔ 15 جولائی 2016 کی ناکام فوجی بغاوت کے بعد ترک حکومت نے مختلف ممالک میں قائم ترک اسکولوں کا انتظام براہ راست خود سنبھال لیا جس کے بعد ان کا انتظام معارف فاؤنڈیشن کے سپرد کر دیا گیا۔