سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ ترکی کے ساتھ تعلقات دوستانہ ہیں اور ان میں اختلافات کا عنصر شامل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ترک مصنوعات پر کسی طرح کی کوئی پابندی عائد نہیں کی۔ جی 20 سربراہ کانفرنس میں صدر ایردوان کی ویڈیو لنک کے ذریعے شمولیت کا مطلب ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کوئی کشیدگی نہیں ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر کے ساتھ تعلقات اہم ہیں اور تنازعہ کے حل کے راستے تلاش کئے جا رہے ہیں۔ سعودی عرب کو صرف سیکیورٹی خدشات ہیں۔ قطر کی طرف سے جیسے ہی ان خدشات کو دور کیا جائے گا دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات دوبارہ معمول پر آ جائیں گے۔
واضح رہے کہ 2017 میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات کو محدود کر دیا تھا۔ چاروں ملکوں نے قطر کے ساتھ زمینی، سمندری اور فضائی رابطے بند کر دیئے تھے۔ ان ممالک کا موقف ہے کہ قطر دہشت گرد گروپوں کی حمایت کرتا ہے جبکہ قطر ان تمام الزامات کی تردید کرتا ہے۔