ترک انجینئرز کا کارنامہ، دفاعی صنعت میں استعمال ہونے والی چِپ تیار کر لی

دنیا اس وقت چِپ کی قلت کے بحران سے دوچار ہے تاہم ترک انجینئرز نے آٹو انڈسٹری میں استعمال ہونے والی چِپ تیار کر لی۔

ترکی کے صوبے کوجیلی میں واقع نیشنل الیکٹرونکس اینڈ کرپٹالوجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز ریسرچ لیبارٹری نے یہ جدید چِپ تیار کی ہے۔

ترکی کی دفاعی کمپنیوں راکستان، اسیل سان اور دیگر کمپنیوں نے چِپ تیار کرنے کا سراہا اور کہا کہ چِپ کی مقامی تیاری سے خود کفالت کی منزل حاصل ہو گی۔

ترکی میں گاڑیاں تیار کرنے والے ادارے کے ایگزیکٹو عزیز علوی نے کہا کہ مقامی چِپ کی تیاری سے آٹو انڈسٹری کو درآمدی چِپ سے نجات مل جائے گی اور گاڑیوں کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ترکی یورپی ممالک کو یہ چِپ ایکسپورٹ کرنا شروع کر دے گا۔

ترکی دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جو انفارمیشن سیکیورٹی کے تمام آلات تیار کرتا ہے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث یورپ کی کئی کمپنیوں میں پیداواری عمل رک گیا تھا جس کے باعث چِپ کی قلت پیدا ہو گئی تھی۔

تین ترک کمپنیوں فورڈ اوٹوسن، توفاش اور او ییک نے چِپ کی قلت کے باعث گاڑیوں کی پروڈکشن روک دی تھی۔

نہ صرف ترکی بلکہ دنیا کے کئی ممالک میں چِپ کی قلت کے باعث بحران پیدا ہو گیا ہے۔ واکس ویگن، فورڈ، جنرل موٹرز، ہنڈا، ہنڈائی اور ٹویوٹا گاڑیوں کی پیداوار میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دنیا کی کئی کمپنیوں نے ترکی سے رابطہ کیا ہے تاکہ وہ ترکی کی چِپ کو اپنی گاڑیوں میں لگا کر اس کا تجربہ کر سکیں۔

ترک ٹیکنالوجیترک کاروبارترک معیشتترکی کا خلائی پروگرام