ترک نوبل انعام یافتہ عزیز سنجار کی آذربائیجان کے یتیم بچے کی کفالت کا اعلان

کیمسٹری میں ترکی کے نوبل انعام یافتہ سائنسدان عزیز سنجار نے آذربائیجان کے شہر گانجا پر آرمینیا کے حملے میں یتیم ہونے والے بچے حاتیس شاہ نیزورو کی کفالت کی ذمہ داری لینے کا اعلان کیا ہے۔
آرمینیا کے گانجا پر حملے میں حاتیس نیزورو کے والدین شہید ہو گئے تھے۔ آذربائیجان کی سرکاری نیوز ایجنسی آذرتیک نے کہا ہے کہ عزیز سنجار نے جنگ میں آذربائیجان کے یتیم ہونے والے بچوں کی تعلیم کے لئے ایک فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ترک سائنسدان عزیز سنجار نے حاتیس نیزورو کے بینک اکاوٗنٹ میں عطیات جمع کروا دیئے ہیں۔ 17 اکتوبر کو گانجا پر آرمینیا کے بیلسٹک میزائل حملے میں 3 سالہ حاتیس کے والدین شہید ہو گئے تھے۔
اس حملے میں گانجا کے 26 دیگر معصوم شہری بھی شہید ہوئے تھے۔ ترک سائنسدان عزیز سنجار اس وقت امریکہ میں رہتے ہیں۔ انہیں 2015 میں کیمسٹری کے شعبے میں نوبیل انعام دیا گیا تھا۔