آمروں نے طاقت کے بل بوتے پر آئین کو مسخ کیا مگر آئین کو ختم کرنے میں ناکام رہے،آصف زرداری

کراچی(پاک ترک نیوز) سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ تمام جمہوریت پسند سیاسی پارٹیاں پارلیمان کو بااختیار بنانے کیلئے متحد ہوں۔بااختیار پارلیمنٹ ہی ملک اور قوم کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ آمروں نے طاقت کے بل بوتے پر آئین کو مسخ کیا مگر آئین کو ختم کرنے میں ناکام رہے، بااختیار پارلیمنٹ ہی ملک اور قوم کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے خون سے وفاق اور تمام اکائیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا میثاق لکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، اب وہ وقت آ چکا ہے کہ میثاق جمہوریت پر مکمل عمل کرکے ملک اور قوم کیلئے پائیدار فیصلے کئے جائیں، ملک کی تمام جمہوریت پسند سیاسی پارٹیاں پارلیمان کو بااختیار بنانے کیلئے متحد ہوں۔
یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آزاد، خود مختار اور باوقار پاکستان کے لیے عوام کی منتخب پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ نےآزاد ریاست کی بنیاد رکھی تھی ، ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین دیکر مضبوط اور مستحکم ملک بنایا تھا جو آج بھی وفاق کی تمام اکائیوں کے درمیان اعتماد اور بندھن کا مقدس دستاویز ہے۔

#14august#asifalizardari#PakTurkNewskarachiPakistanPPP