توانائی بحران ،پنجاب بھر میں آج سے رات 9بجے بازار اور مارکیٹیں بند

لاہور (پاک ترک نیوز) بجلی بحران کے نمٹنے کیلئے پنجاب بھر میں آج رات 9بجے بازار اور مارکیٹیں بند ہو جائیں گی جبکہ شادی ہالز رات 10، ریسٹورنٹ رات ساڑھے گیارہ بجے تک کھلے رہیں گے۔
اسلام آباد میں بھی تجارتی مراکز، دکانوں، پارکس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کیلئے نئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے۔
پنجاب میں پہلے مرحلے میں یہ پابندی 2 ماہ کے لئے ہو گی، کمرشل فیڈرز پر آج رات 9 بجے کے بعد بجلی بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہفتے کے روز تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی جبکہ لاہور میں مجموعی طور پر 63مارکیٹس کو بجلی کی بچت کے لئے بند کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ تاجر تنظیموں اور چیمبرز کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد کیا، عید کی شاپنگ کے لئے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری کی مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا۔
انتظامیہ کے مطابق بیکریز،میڈیکل سٹورز، ایمبولینس سروس، طبی مراکز، پٹرول پمپس، بس اڈے، تندور اور دودھ دہی کی دکانوں پر پابندیوں کا اطلاق نہیں ہو گا۔

 

#bazar#energycrisi#energycrisis#light#markets#PakTurkNews