تین ماہ میں عام انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ، الیکشن کمیشن حکام

اسلام آباد (پاک ترک نیو) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سنیئر حکام کا کہنا ہے کہ تین ماہ کے مختصر عرصے میں عام انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
ای سی پی کے سینئر اہلکار کے مطابق عام انتخابات کی تیاری کیلئے 6ماہ کا عرصہ درکار ہو گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں اور خاص طور پر خیبر پختونخوا میں جہاں نشستوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے وہاں انتخابات کی تیاری کیلئے کچھ وقت درکار ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حد بندی ایک وقت طلب کام ہے جہاں قانون صرف اعتراضات کو ختم کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مشق کو مکمل کرنے کے لیے کم از کم تین ماہ درکار ہوں گے، اس کے بعد ووٹرز کی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے کا ایک اور بڑا کام ہوگا۔
ای سی پی عہدیدار کا کہنا تھا کہ انتخابی مواد کی خریداری، بیلٹ پیپرز کا انتظام اور پولنگ عملے کی تقرری اور تربیت بھی چیلنجز میں شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت پانی کے نشان والے بیلٹ پیپرز استعمال کیے جانے تھے جو ملک میں دستیاب نہیں ہیں اور انہیں درآمد کرنا پڑے گا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ای سی پی نے بیلٹ پیپرز کو واٹر مارک کے بجائے سکیورٹی فیچرز فراہم کرنے کے لیے قانون میں ترمیم کرنے کی تجویز دی تھی۔

 

#elecation#generalelecations#PakTurkNewsPakistan