عالمی سطح پر تمام ملکوں کی پولیس کے درمیان تعاون کی تنظیم انٹرپول نے وارننگ جاری کی ہے کہ جرائم پیشہ نیٹ ورک کورونا وائرس کی جعلی ویکسین کا دھندا شروع کر سکتے ہیں۔
فرانس میں اپنے ہیڈ کوارٹر سے انٹرپول نے تمام 194 ممبرز ممالک کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ہر ملک کے قانون نافذ کرنے والے ادارے ویکسین فروخت کرنے والی کمپنیوں پر نظر رکھیں اور خاص طور پر آن لائن ویکسین کی فروخت کی کڑی نگرانی کی جائے۔ منظم جرائم کرنے والے نیٹ ورکس کورونا وائرس کی جعلی ویکسین کی فروخت کا دھندا شروع کر سکتے ہیں جس سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔
انٹرپول نے کہا ہے کہ اب جبکہ مختلف ممالک نے ویکسین کے آرڈرز دینا شروع کر دیئے ہیں جرائم پیشہ افراد اور منظم نیٹ ورکس ویکسین کی رسد میں تعطل پیدا کر سکتے ہیں۔ یہ منظم جرائم پیشہ افراد جعلی ویب سائٹس کے ذریعے عوام کو دھوکہ دے کر جعلی ویکسین کی آن لائن فروخت کا مکروہ دھندا بھی شروع کر سکتے ہیں۔
انٹرپول نے تمام سے کہا ہے کہ وہ معاملے میں الرٹ رہیں اور اس موقع پر جرائم پیشہ افراد کو فائدہ اٹھانے سے روکنے کے سخت اقدامات کریں۔