ریاض(پاک ترک نیوز) — خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل نائف الحجراف نے اعلان کیا ہےکہ جی سی سی اس ماہ کے آخر میں یمنی ۔ یمنی مذاکرات کی میزبانی کرے گی۔ جسکے لئے تمام یمنی گروپوں کو شرکت کی عام دعوت دی جا رہی ہے۔
انہوں نےگذشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ مذاکرات 29 مارچ سے 7 اپریل تک ہونےجا رہے ہیں۔مزاکرات میں چھ اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا جن میں ملک کےفوجی اور سیاسی کا حل، انسانی ہمدردی کی راہداریوں کو کھولنا اور ملک میں استحکام کے قیام سمیت دیگر نکات شامل ہیں۔
الحجراف نے وضاحت کی کہ جی سی سی جو کچھ پیش کر رہا ہے وہ کوئی نیا اقدام نہیں ہے، بلکہ اس بات کی تصدیق ہے کہ حل یمنیوں کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے یمنی تنازعے میں شامل تمام فریقین سے بلا کسی استثناء کے ان مذاکرات میں شرکت کرنے اور خلیجی تعاون کے ساتھ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں امن مذاکرات میں شامل ہونے کی اپیل کی۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یمنی مشاورت پرامن حل تک پہنچنے کے لیے جی سی سی کی سرپرستی میں ہوگی الحجراف نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام یمنی فریق جی سی سی کے اقدام کا مثبت جواب دیں گے۔
جی سی سی کےسیکرٹری جنرل نے ہوم فرنٹ کو متحد کرنے اور ریاض معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ایک یمنی-یمنی مشاورتی میکانزم قائم کرنے کے ساتھ ساتھ جنگ زدہ ملک میں امن کے حصول تک اقوام متحدہ کی سرپرستی میں سیاسی مشاورت دوبارہ شروع کرنے پر بھی زور دیا۔