اسلام آباد(پاک ترک نیوز )وفاقی حکومت نے اسلامی بنکاری کے فروغ کے لیے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے خلاف دائر درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی حکومت نے ملک میں اسلامی بنکاری نطام کے فروغ کے لیے اقدامات کو فروغ دینے کا فیصلہ کیاہے اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور گورنر اسٹیٹ بنک کی مشاورت سے اسلامی بنکاری نظام کے حوالے سے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم فائنل میچ بھی جیتے گی۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ ماضی میں بھی ہم نے اسلامی بنکاری نظام کو آگے بڑھایا اور فیوچر روڈ میپ ڈسکس کیے گئے۔انہوںنے کہاکہ ملک میں اسلامی بنکاری نظام کو آگے بڑھا رہے ہیں کیونکہ یہ شرعی و قانونی ہے ، ہمارے نزدیک فیصلے کرنے کا معیار قران و سنت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں اسلامی بنکاری نظام کے فروغ کے سلسلہ میں ہی حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سٹیٹ بنک اور نیشنل بنک کی جانب سے دائر درخواستیں واپس لی جائیں گی۔اسحاق ڈار نے کہاکہ اللہ ہم سب کو توفیق دے اور ہماری راہنمائی فرمائے تاکہ ہم سود سے پاک بنکنگ نظام کو تیزی سے آگے بڑھا سکیں۔