خلیجی اور دیگر تین ممالک کی کانفرنس برائے امن و ترقی میں شرکت کے لئے سربراہوں کی جدہ آمد

جدہ (پاک ترک نیوز)
جدہ کانفرنس برائے امن اور ترقی میں شرکت کے لیے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے سربراہوں کی آمد شروع ہوگئی ہے۔
سعودی میڈیا کےمطابق جدہ کانفرنس برائے امن اور ترقی کا انعقاد شاہ سلمان کی دعوت پر کیا جا رہا ہے جس میں امریکی صدر جو بائیڈن بھی شرکت کریں گے۔
آج شام جدہ میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے حوالے سےگلف تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل نائف الحجرف نے کہا ہے کہ اس اجلاس میں سکیورٹی کے امور، چیلنجز، ترقی اور خطے کے استحکام اور خوشحالی کے معاملات زیر غور آئیں گے۔


الحجرف نےتوقع کا اظہار کیا کہ اجلاس سے ایک ایسا مرحلہ شروع ہو گا جس کی بنیاد سلامتی اور استحکام کے حوالے سے جامع ایکشن پر مشتمل ہو گی۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جی سی سی کو اپنے تعمیری اور مرکزی کردار پر یقین ہے جو خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے بنیادی ستون اور ایک جامع نمونہ ہے۔
اس اجلاس میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت سمیت عراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی، اردن کے شاہ عبداللہ دوئم اور مصر کے صدر فتح السیسی شریک ہوں گے۔جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن بھی شرکت کریں گے۔


عمانی وزیر اعظم اور سلطان  کے نمائندہ خصوصی اسعد بن طارق آل سعید  اور بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ جدہ پہنچ گئے ہیں۔
جدہ کے کنگ عبد العزیز ایئرپورٹ کے رائل ٹرمنل پر ان کا استقبال ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کیا ہے۔
جمعے کو امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح بھی جدہ پہنچ گئے تھے۔ان کا استقبال بھی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کیا تھا۔جبکہ دیگر رکن ممالک کے سربراہوں کی جدہ آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔جنکا استقبال ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کر رہے ہیں۔

#jeobiden#jiddah#jordan#khaleej#paturknews#saudiarabia