پشاور (پاک ترک نیوز) خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ۔گلگت بلتستان سمیت ملک کے شمالی علاقوں، شمالی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں پہاڑوں پر برفباری نے موسم سرد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شانگلہ کے بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ زیریں علاقوں میں بارش ہوئی۔شانگلہ ٹاپ، یختنگی ٹاپ ، اجمیر ٹاپ ،گامتل اوردیگر علاقوں پر برفباری،میرپور آزاد کشمیر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹھنڈی ہواوں اور مطلع ابر آلود ہونےسے موسم سرد ہو گیا۔ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد سرد ہواوں نے راج جما لیا۔ بیشتر علاقوں میں خنکی بڑھ گئی۔
ملکہ کوہسار مری میں بھی کئی گھنٹے مسلسل بارش اور وادی گلیات میں برف باری سے موسم شدید سرد ہو گیا۔ڈی آئی خان ، مانسہرہ، اٹک سمیت کئی شہروں میں بارش کے بعد سرد ہواوں نے ڈیرے ڈال لیے۔زیارت میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر ، گلگت بلتستان ، خیبر پختو نخوا، بالائی پنجاب اور بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے ملک کے دیگر علا قوں میں مو سم خشک رہے گا۔