دنیا کی 37فیصد آبادی انٹرنیٹ سے محروم

لاہور(پاک ترک نیوز) دنیا کی تقریباً37آبادی یعنی تقریباً تین ارب کے قریب لوگ ابھی تک آف لائن ہیں جبکہ 2021میں ریکارڈ 4.9ارب افراد انٹرنیٹ سے مستفید ہوئے ہیں ۔ عالمی وبا کے باعث دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق 2019میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 4.1ارب تھی۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کی 37 فیصد آبادی یعنی 2.9 ارب افراد اب بھی آف لائن ہیں جب کہ 2021 میں ریکارڈ 4.9 ارب افراد نے انٹرنیٹ استعمال کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجیز کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) نے انکشاف کیا ہے کہ انٹرنیٹ کے استعمال میں عالمی سطح پربڑا اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اب تک دنیا کی 63 فیصد آبادی انٹرنیٹ استعمال کر چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2.9 ارب میں سے بیشتر آبادی کا تعلق غیر ترقی یافتہ ممالک سے ہے جب کہ 4.9 ارب افراد جو انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں ان میں سے کروڑوں محدود سطح کا انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق افریقا کی 30 فیصد آبادی انٹرنیٹ سے محروم ہے۔

#africa#inetnet#PakTurkNews#unitednation#world