رواں سال پاکستان سے 81ہزار خوش نصیب حج کی سعادت حاصل کریں گے

ریاض (پاک ترک نیوز)
رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے والے 10لاکھ عازمین میں سے سب سے زیادہ ایک لاکھ 51ہزارخوش نصیب انڈونیشیا اور دوسرے نمبر پر 81 ہزار 132 عازمین پاکستان سے آئیں گے۔جبکہ سب سے کم 23عازمین حج کا کوٹہ انگولا کے لئے مختص کیا گیا ہے۔
گذشتہ روز جاری ہونے والے بیان کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نےرواں سال تمام ممالک کے لیے حج کوٹے کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔جبکہ کوٹے کا تعین پہلے سے طے شدہ فارمولے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔اس سال بیرونی ممالک سے ساڑھے 8 لاکھ عازمین حج پر آئیں گے جو کل تعداد کا 85 فیصد ہیں۔ اس سال اندرون و بیرون مملکت سے عازمین کی تعداد 10 لاکھ مقرر کی گئی ہے۔
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران جس ملک کے لیے حج کا جتنا کوٹہ مقرر تھا اس کا 45.2 فیصد حصہ اس سال کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
چنانچہ اس اصول کے مطابق سب سے زیادہ ایک لاکھ 51 ہزار عازمین حج انڈونیشیا سے آئیں گے۔ انڈونیشیا کے بعد سب سے زیادہ 81 ہزار 132 عازمین پاکستان سے آئیں گے۔جبکہ سب سے کم عازمین انگولا سے آئیں گے جن کی کل تعداد 23 ہوگی۔ اس طرح عرب ممالک میں سب سے زیادہ حج پر آنے والے مصر سے ہوں گے جن کی تعداد 35 ہزار 375 ہوگی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس صرف سعودی عرب کے اندر سے 58 ہزار 745 افراد نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔ کورونا کی وبا سے قبل 2019میں 25لاکھ عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی تھی جو ایک ریکارڈ ہے۔ جبکہ سالانہ کی بنیاد پر حجاج کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر جاتی تھی۔

#madina#makkahmukarma#PakTurkNews#riyadhHajj