روس، یوکرین کشیدگی:مغربی ممالک کی تیاریاں عروج پر

 

واشنگٹن(پاک ترک نیوز) مغربی ممالک نے یوکرین پر روسی حملے کے خطرے کے پیش نظر تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
نیٹو کی جانب سے یوکرین کی سرحد پر روسی افواج کی تعیناتی کے جواب میں مشرقی یورپ میں بحری جہازوں ، لڑاکا طیاروں اور فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا گیا۔
روس کی جانب سے نیٹو کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ کریملن نے کہا ہے کہ بحران کا اصل موجب امریکی اور نیٹو کے اقدامات ہیں نہ کہ روسی افواج کی یوکرینی سرحد پر تعیناتی۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے قوم سے خطاب میں اپنے ہم وطنوں کو پر سکون رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین اور روس کے رہنماوں کے درمیان ملاقات کیلئے کوششیں ہو رہی ہیں۔
روس پر پابندیوں کی دھمکی
امریکہ اور یورپی یونین نے دھمکی دی ہے کہ اگر روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کیا جاتا ہے تو سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ یوکرین میں امریکی فوجی بھیجنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے کیونکہ وہ نیٹو کا رکن نہیں ہے لیکن انہوں کے پوٹن پر براہراست پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
بائیڈن نے روسی حملے یا دراندازی پر سنگین تنائج کی دھمکی بھی دی۔

یورپ میں توانائی کی ترسیل
یورپ میں قدرتی گیس کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بڑی حد تک روس پر انحصار کیا جاتا ہے۔ اسی لیے امریکہ کی جانب سے گیس پیدا کرنے والے بڑے ممالک اور کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کا آغازکیا جارہا ہے تاکہ روس کی جانب سے گیس کی ترسیل معطل کیے جانے کی صورت میں دیگر ذرائع سے ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔
سینئر امریکی اہلکار کے مطابق یورپ کو موسم سرما میں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہنگامی منصوبے پر کام ہوررہا ہے۔
وائٹ ہاوٗس کی جانب سے اعلان کی گیاہے کہ بائیڈن گیس کی دولت سے مالامال قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے 31جنوری کو ملاقات کریں گے ، جس میں عالمی توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
توانائی کے متبادل ذرائع کی تلاش میں اسلئے بھی تیزی دیکھی جارہی ہےکہ یورپ میں پہلے ہی توانائی قیمتیں بڑھ رہی ہیں ۔
اگرچہ یورپی یونین اپنی گیس سپلائی کا تقریبا 40فیصد روس سے حاصل کرتی ہے لیکن روسی معیشت میں توانائی کی فروخت پر انحصار اس حد تک زیادہ ہے کہ گیس برآمدات میں کمی روسی معیشت کو متاثر کرسکتی ہے۔

#energysupplies#escalation#europeanwinters. #pakturknews#russiangas#sanctions#ukraine#warnatorussiaUS