ماسکو (پاک ترک نیوز) روسی ٹیلی ویژن کی رپورٹ نے برطانوی ایوانوں میں ہلچل مچادی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ایک سرمت میزائل پورے برطانیہ کو غرق کرنے کیلئے کافی ہے ۔
برطانوی دھمکیوں کے جواب میں ایک روسی صحافی نے ٹیلیویژن پر کہا کہ برطانیہ ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے جسے ایک روسی سرمت میزائل ہمیشہ کے لیے غرق کرنے کے لیے کافی ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق روسی صحافی دیمتری کیسیلوف نے ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں روس کے خلاف برطانیہ کی حالیہ دھمکیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ روس برطانیہ کو گہرے سمندر میں غرق کرسکتا ہے۔
انہوں نے روس کے چینل-1 پر ایک پروگرام کے دوران کہا کہ روس نے حال ہی میں جس پوسیڈن تارپیڈو کی نقاب کشائی کی ہے وہ برطانیہ کو سمندر کی گہرائیوں میں غرق کرسکتا ہے۔
کیسیلوف نے روس کے خلاف حالیہ برطانوی دھمکیوں کے جواب میں کہا کہ وہ گریٹر اور عظیم روس کو اپنے جوہری ہتھیاروں سے کیوں دھمکیاں دے رہے ہیں جب کہ وہ صرف ایک چھوٹا جزیرہ ہے اور برطانیہ کو روسی جوہری ہتھیاروں سے تباہ کیا جاسکتا ہے۔
برطانوی مسلح افواج کے سیکرٹری جیمز ہپی نے چند روز قبل کہا تھا کہ اگر یوکرین برطانوی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے روسی سرزمین پر اہداف پر حملہ کرتا ہے تو وہ اسے منصفانہ سمجھیں گے۔
یاد رہے کہ روس کا سرمت میزائل 10 یا اس سے زیادہ جوہری وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہزاروں میل دور امریکہ یا یورپ کے اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔