روس یوکرین جنگ امریکی اور یورپی معیشت پر بھاری

نیو یارک (پاک ترک نیوز) روس یوکرین جنگ امریکہ اور یورپی معیشت پر بھاری پڑنے لگی۔روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے لیکر اب تک امریکہ نے شرح سود میں تین مرتبہ اضافہ کردیا جبکہ یورپ میں بھی شدید معاشی بحران کا خطرہ منڈلانے لگا ہے ۔عالمی سٹاک مارکیٹیں مندی کا شکار ہیں جبکہ خام تیل کی قیمتیں بھی 9 ماہ کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہیں۔

دوسری جانب روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے یوکرین کے زیرقبضہ علاقوں میں ریفرنڈم کے اعلان اور رضا کار بھیجنے پر یورپ میں معاشی بحران کا خوف بڑھ گیا، جرمن، برطانوی اور دیگر یورپی ملکوں کی سٹاک مارکیٹس مندی کا شکار ہوگئیں، ڈالر کے مقابلے میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
یورپ میں معاشی بحران کے خدشے اور امریکا میں شرح سود بڑھنے پر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 9 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں، ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 6 فیصد سستا ہو کر 78 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا، برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت ساڑھے 4 فیصد کم ہو کر 86 ڈالر ہو گئی، عالمی مارکیٹ میں قدرتی گیس کی قیمت میں بھی 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں مزید کمی ہوسکتی ہے۔

#attack#economy#oilmarket#oilprice#PakTurkNews#rates#russiaukrinewar#russua#stockmarket#ukraineAmericaEuroperussia