سابق امریکی صدر باراک اوباما نے نوبل اور گریمی کے بعد اب ایمی بھی جیت لیا

لاس اینجلس (پاک ترک نیوز)
سابق امریکی صدر براک اوباماکے پروڈکشن ہاؤس نے گریمی کے بعد اب ایمی ایورڈ بھی جیت لیا ہے ۔ جبکہ باراک اوباما ذاتی حیثیت میں امن کا نوبل انعام حاصل کر چکے ہیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اپنے پروڈکشن ہاؤس کے ذریعے ہالی وڈ میں قدم رکھنے والے باراک اوباما کو نیٹ فلیکس کی ایک دستاویزی فلم پر ایمی ایوارڈ دیا گیا ہے۔باراک اوباما نے نیٹ فلیکس پر”ہمارے عظیم نیشنل پارکس "کے نام سے نشر ہونے والی دستاویزی فلم پر ایوارڈ جیتا ہے۔یہ دستاویزی فلم امریکہ میں واقع نیشنل پارکس پر بنی ہوئی ہے جن کی اہمیت اور تفصیلات سے باراک اوباما سامعین کو انتہائی مفصل انداز میں آگاہ کرتے ہیں۔
باراک اوباما نے 2017میں دو بار امریکہ کا صدر رہنے کے بعد اس ذمہ داری سے فراغت پر اپنی اہلیہ مشعل اوباما کے ساتھ مل کر ایک فاؤنڈیشن کے علاوہ پروڈکشن کمپنی کی بنیاد رکھی تھی ۔باراک اوباما کی پروڈکشن کمپنی نے نیٹ فلیکس کے ساتھ لاکھوں ملین ڈالر کا معاہدہ کر رکھا ہے۔ ان کی پروڈکشن کمپنی کے تحت بننے والی پہلی دستاویزی فلم "امریکی فیکٹری” کو بھی بہترین دستاویزی فلم کا ایوارڈ مل چکا ہے ۔ جبکہ بہترین ہدایت کاری پر ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
دو مرتبہ صدر رہنے والے باراک اوباما کو اس سے پہلے گریمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو دراصل میوزک انڈسٹری سے وابستہ افراد کو بہترین کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔
باراک اوباما سے پہلے سابق امریکی صدر آئزن ہاور کو سنہ 1956 میں ایمی سے نوازا گیا تھا تاہم یہ اعزازی ایوارڈ تھا۔
باراک اوباما سنہ 2017 میں صدارت کے عہدے سے دستبردار ہونے کے بعد اپنی یادداشتوں پر مبنی ایک کتاب بھی شائع کر چکے ہیں جس کو کافی زیادہ پذیرائی ملی ہے۔

#barakobama#Emmy#losangles#losanglew#nobel#PakTurkNewsAmericausa