سانحہ آرمی پبلک سکول کو 7 برس بیت گئے

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو 7 برس بیت گئے۔ معصوم بچوں کی قربانی نے پوری قوم کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف یکجا کر دیا۔ آج وطن عزیز کے چپے چپے سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا گیا۔
اے پی ایس واقعے کے بعد پاک فوج نے پوری قوم کی حمایت سے دہشتگردوں کا سر کچلنے کے لیے فیصلہ کن جنگ کا آغاز کیا۔ 50 بڑے اور 1200 سے زائد چھوٹے آپریشن کئے گئے اور ان کے نتیجے میں 46000 مربع کلو میٹر کا ایریا کلئیر کیا گیا جبکہ 18000 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔
اس واقعے میں ملوث 9 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک جبکہ گرفتار 6 دہشتگردوں میں سے 5 کو پھانسی دی جا چکی ہے جبکہ ایک کا کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں اور پاک فوج کی جانب سے اب تک 1545 ملین روپے سے زائد رقم شہدا کے لواحقین اور متاثرین کی دادرسی کیلئے خرچ کی جا چکی ہے۔
ملک کے اندر جہاں آپریشن ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کے ذریعے دہشتگردوں کا خاتمہ کیا گیا وہیں سرحد پار سے دہشتگردون کی نقل و حرکت روکنے کے لیے 2611 کلو میٹر بارڈر فینسنگ کا بیڑہ اُٹھایا گیا۔
نیشنل ایکشن پلان کے تحت سات بڑی دہشتگرد تنظیموں کا بھی قلع قمع کیا گیا۔ بلا شبہ مُورخ لکھے گا کہ پاکستانی قوم اور افواج ِ پاکستان نے تمام تر چیلنجز کا جس بہادری سے مقابلہ کیا اس کی نظیر نہیں ملتی۔

#aps#armypublicschool#PakTurkNews#peshwar