سان فرانسسکو (پاک ترک نیوز) ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے ملازمین کو وارننگ دی ہے کہ سخت محنت سے کام کرنے کا عہد کریں ورنہ کمپنی چھوڑ دیں۔جو ملازم اس حوالے سے نئے معاہدے پر دستخط نہیں کرے گا اسے 3 ماہ کی تنخواہ دے کر برطرف کردیا جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر کے نئے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی جانب سے ملازمین کو ای میل کے ذریعے وارننگ دی گئی ہے کہ وہ جمعرات تک وہ سخت محنت سے کام کرنے کا عہد کریں ورنہ کمپنی چھوڑ دیں۔ای میل میں کہا کہ اگر ملازمین کمپنی میں رہنا چاہتے ہیں تو مثالی کارکردگی سے ہی ایسا ممکن ہوسکے گا۔ ٹوئٹر کی کامیابی کے لیے ہمیں بہت زیادہ سخت محنت کرنا ہوگی۔
ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے ایلون مسک کی جانب سے کمپنی کےملازمین کو آئے دن مشکلات کا سامنا ہے۔ملازمین کے کام کرنے کے اوقات کار میں اضافے اور گھر سے کام کرنے کی سہولت کومحدود کرنے کے بعد ایلون مسک نے ملازمین کو نئی وارننگ دے دی۔
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر میں کام کرنے کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر آپ کو یقین ہے کہ آپ نئے ٹوئٹر کا حصہ بننا چاہتے ہیں، تو نیچے دیے گئے لنک پر ہاں پر کلک کریں۔
واضح رہے کہ ایلون مسک کی جانب سے پہلے ہی ٹوئٹر کے 50 فیصد ملازمین کو فارغ کیا جاچکا ہے۔