ریاض (پاک ترک نیوز)سعودی عرب نے نیا ’ای پاسپورٹ‘ جاری کر دیا ہے۔عالمی معیار کے مطابق نمایاں خصوصیات کےحامل اس ای پاسپورٹ میں ڈیٹا سم رکھی گئی ہے جس سے پاسپورٹ کے حامل کا ڈیٹا سیکورٹی سٹینڈرڈ بڑھا دیا گیا ہے۔
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے گذشتہ روز محکمہ پاسپورٹ کی مرکزی عمارت میں نئے ای پاسپورٹ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پروزیر داخلہ کو سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور وزٹ ویزوں پر آنے والوں کے تینوں سینٹرز کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں اس موقع پر منفرد ای سروس فراہم کرنے والے آلات کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے اس موقع پر وزارت داخلہ، وزارت خزانہ، سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس اتھارٹی کی مشترکہ کاوشوں سے نئے ای پاسپورٹ کے افتتاح کی دستاویز پر دستخط بھی کیے۔ نئے پاسپورٹ کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ بین الاقوامی ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر ای گیٹ استعمال کرتے وقت مشین ریڈنگ ممکن ہوگی۔
مزید براں نئے سعودی پاسپورٹ کے صفحات کو مملکت کے مشہور ترین قابل دید تاریخی اور تمدنی مقامات سے مزین کیا گیا ہے۔