سٹیٹس کی علامت سمجھے جانیوالے بلیک بیری کا دور باقاعدہ طور پر ختم

لاہور (پاک ترک نیوز) سٹیٹس کی علامت سمجھے جانیوالے بلیک بیری کا دور باقاعدہ طور پر ختم ہو گیا۔
بلیک بیری کے آپریٹنگ سسٹم اور سروسز کا سلسلہ چار جنوری سے منقطع کر دیا گیا ہے جس کے بعد بلیک بیری موبائل فونز کا دور باقاعدہ طور پر ختم ہو گیا ہے ۔بلیک بیری کمپنی کی جانب سے اعلان میں کہا گیا ہے کہ ان کے ان ہاوس سافٹ ویئر استعمال کرنےو الے ہینڈ سیٹ اب درست طور پر کام نہیں کر سکیں گے۔
بلیک بیری کے سیکیورٹی فیچرز اور بااعتماد ہونے نے انہیں مختلف شعبوں کے ذمہ دار افراد کی اولین ترجیح بنائے رکھا تھا۔ اور ان فونز نے ایک طویل عرصے تک موبائل فونز کی دنیا پر راج کیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ بلیک بیری 7.1 آپریٹنگ سسٹم یا اس سے قبل کے آپریٹنگ سسٹم، بلیک بیری 10 سافٹ ویئر، بلیک بیری پلے بک 2.1 اور سابقہ آپریٹنگ سسٹم اب صارفین کو دستیاب نہیں ہوں گے۔جو ڈیوائسز یہ خدمات اور سافٹ ویئرز استعمال کر رہی ہوں گی اب ٹھیک طریقے سے ڈیٹا، کالز، میسیجز وغیرہ کے کام نہیں کر سکیں گی۔
سن 2000میں بلیک بیری 957 فون سیٹ مارکیٹ میں متعارف کروایا گیاجس میں کیلنڈر، ای میل، کانٹیکس وغیرہ کے فیچرز دیے گئے تھے۔دو برس بعد 2002 میں بلیک بیری کا پہلا ایسا سیٹ متعارف کرایا گیا جس کے ذریعے ایک دوسرے سے گفتگو کی جا سکتی تھی۔ لیکن ایسا کرنے کے لیے ایئرفون استعمال کرنا لازم تھا۔
اس کے بعد فیچرز میں تبدیلیوں کے ساتھ بلیک بیری کے کئی ماڈل پیش کیے گئے۔ ایپل فون مارکیٹ میں آنے کے بعد صارفین کی توجہ بلیک بیری سے ہٹتی گئی اور اینڈرائیڈ فونز نے صارفین کو بڑی تعداد میں اپنی جانب راغب کیا۔
بلیک بیری کی جانب سے پہلی مرتبہ 2016 میں اعلان کیا گیا تھا کہ ادارہ اب ایک سیکیورٹی کمپنی کے طور پر کام کرے گا۔ کینیڈین کمپنی کی جانب سے سمارٹ فون کی تیاری کا سلسلہ روکتے ہوئے اس کے لائسنسنگ اختیارات چینی کمپنی ٹی سی ایل کو منتقل کر دیے گئے تھے۔
ٹی سی ایل کی جانب سے 2020 میں معاہدے کے اختتام تک یہ ڈیوائسز تیار کی جاتی رہیں تاہم ان میں استعمال ہونے والا سافٹ ویئر گوگل کے ملکیتی ادارے الفابیٹ کا اینڈرائیڈ تھا۔ جسے اگست تک سپورٹ میسر رہے گی۔

#blackberry#blackberryphones#iphone#PakTurkNews#phonesApple