لاہور(پاک ترک نیوز) نئے سپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے انتخاب آج شام 4بجے ہو گا۔
پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) پر مشتمل حکمران اتحاد نے میانوالی سے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی سبطین خان کو سپیکر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے ۔پنجاب میں اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے سیف الملوک کھوکھر کو اپنا مشترکہ امیدوار بنایا ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی کا عہدہ سابق سپیکر پرویز الٰہی کے بطور وزیراعلیٰ انتخاب کے باعث خالی ہوا تھا،۔
پنجاب اسمبلی میں نئے سپیکر کے انتخاب کیلئے قرارداد منظور کی گئی تھی، ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے بھی قرارداد منظور کی گئی تھی۔
قرارداد پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ بشارت نے پیش کی تھی، پی ٹی آئی اور ن لیگ کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا دئیے گئے ہیں۔
چوہدری پرویز الٰہی نے (ق) لیگ کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکثریت سے سبطین خان کو بطور سپیکر پنجاب اسمبلی کامیاب کرائیں گے جبکہ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اسپیکر کا الیکشن ہماری کامیابی پر مہر لگائے گا۔