لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ سیلاب ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے ،مگر مل کر مشکل سے نمٹیں گے۔اس وقت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، حکومت اور مجھے، سب کو مل کر متاثرین کی مدد کرنی ہے۔
روجھان آمد کے موقع پر سابق وزیر اعظم کو سیلابی صورت حال پر بریفنگ دی گئی، جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں ایکڑ زمین اس وقت پانی میں ڈوبی ہوئی ہے ۔ سیلاب متاثرین کو مزید امداد کے معاملے پر بات کروں گا۔ سیلاب ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے ،مگر مل کر مشکل سے نمٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مچھردانیاں فراہم کی جائیں۔ اپنے نمائندوں سے کہتاہوں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جائیں، اس وقت سیلاب متاثرین کو مدد کی ضرورت ہے۔سیلاب سے ملک بھر میں تباہی ہوئی ہے۔ سیلاب سے کتنا نقصان ہوا ،اس کا ڈیٹا اکھٹا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کو نقصانات کا ڈیٹا اکھٹا کرناچاہیے، اس سے بحالی کے کاموں میں مدد ملے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اس وقت لوگوں پر حقیقی معنوں میں مشکل وقت آیا ہوا ہے۔ہمیں چاہیے کہ ہم یعنی ارکان صوبائی و قومی اسمبلی، حکومت اور میں، سب مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔ بعد ازاں صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آئندہ کے لیے ہم چاہتے ہیں کہ 2 ڈیموں کا بننا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر جگہ سیلاب سے متاثر ہے ۔ ہمیں ڈیموں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کارکنوں کو نعرے لگانے سے روکتے ہوئے کہا کہ یہ جلسہ نہیں ہے۔ اللہ نے ہمیں بڑے امتحان میں ڈالا ہوا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں ہر جگہ پانی میں ڈوبی ہوئی ہے، تاہم جب یہ پانی اترے گا تو اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ جب لوگ اس زمین میں اپنی گندم کاشت کریں گے تو فصل بڑی زرخیز ہوگی۔