صدر ایردوان نے ترکی کے قومی خلائی پروگرام کا اعلان کر دیا

صدر رجب طیب ایردوان نے دارالحکومت انقرہ میں ترکی کے قومی خلائی پروگرام کی منظوری دے دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ عالمی خلائی دوڑ (گلوبل سپیس ریس) میں ترکی باقی ملکوں سے بازی لے جائے گا۔ ترکی کے خلائی پروگرام کی ذمہ داری "ترکی سپیس ایجنسی” کے سپرد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے لئے آسمان کے دروازے کھل رہے ہیں۔ ہماری صدیوں پرانی تہذیب اب خلا میں بھی نظر آئے گی جو انصاف، اخلاق اور امن پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2023 میں خلائی پروگرام کے تحت پہلا مشن چاند پر بھیجا جائے گا۔ اب تمام سیٹلائٹس کی تیاری کا کام ایک ہی اتھارٹی کے ماتحت انجام پائیں گے۔
ترکی خلا میں ایک "سپیس پورٹ” قائم کرے گا جو خلا تک رسائی کے لئے کام کرے گی۔
صدر ایردوان نے کہا کہ خلائی پروگرام کے تحت خلائی موسم اور میٹریولوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اب ترکی خلا میں ہونے والی سرگرمیوں کو زمین سے بیٹھ کر مانیٹر کرے گا۔ ملک میں سپیس انڈسٹری کا جال بچھایا جائے گا اور نجی شعبے کو سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دیئے جائیں گے۔
خلائی پروگرام کے لئے یونیورسٹیز کے ساتھ مل کر پیشہ ورانہ ہیومن ریسورس تیار کی جائے گی اور ترکی جلد ہی خلا میں سائنٹفک مشن کے لئے ترک سائنسدانوں کو خلا میں بھیجے گا۔
صدر ایردوان نے کہا کہ سیٹلائٹ، لانچنگ سسٹم اور سپیس ٹیکنالوجی کے لئے اب تک حکومت 2 ارب ٹرکش لیرا سے زائد فنڈنگ دے چکی ہے۔ اب ترکی آبزرویشن سیٹلائٹس کے دور میں داخل ہو گا۔

Erdoganspace program