مدینہ منورہ( پاک ترک نیوز)
سعودی عرب میں انتظامیہ نے مسجد نبوی روضہ شریفہ (ریاض الجنہ) میں نماز کا موقع فراہم کرنے کے لیے نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے تاکہ عازمین حج کسی رکاوٹ اور دشواری کے بغیر نماز ادا کرسکیں۔
سعودی میڈیا کےمطابق مسجد نبوی کی انتطامیہ نے روضہ شریفہ (ریاض الجنہ )میں نماز کا دورانیہ 7 منٹ کا مقرر کیا ہے۔ پہلی مرتبہ گیٹ نمبر 37 کے راستے جنوبی صحنوں سے عازمین کو گروپوں کی شکل میں بھیجا جارہا ہے۔ منتظمین صرف ان عازمین کو گروپوں میں شامل کرتے ہیں جن کے پاس پرمٹ ہوتا ہے۔ اور انکا بارکوڈ چیک کرکے جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔جبکہ ایک گروپ 650 افراد پر مشتمل ہوتا ہے اور سات منٹ سے زیادہ کسی گروپ کو نہیں دیے جارہے۔
مسجد نبوی روضہ شریفہ میں ہر روز 11 ہزار 520 افراد، ہفتے میں 79 ہزار 950 اور مہینے میں 2 لاکھ 92 ہزار 464 اور 3 ماہ کے دوران 6 لاکھ 89 ہزار 711 زائرین کو روضہ شریفہ (ریاض الجنہ) میں نماز کی ادائیگی کا موقع دیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیارت کے لیے مختلف اوقات مقرر ہیں۔ رات ساڑھے بارہ بجے سے فجر کی اذان سے قبل 4 بجے تک، دوسرا دورانیہ صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوتا ہے اور اس کا سلسلہ سہ پہر ساڑھے تین بجے تک جاری رہتا ہے۔
تیسرا دورانیہ شام ساڑھے چار بجے سے مغرب کی اذان سے قبل 7 بجے تک جبکہ چوتھا اور آخری دورانیہ مغرب بعد ساڑھے سات بجے سے رات ساڑھے 8 بجے تک رکھا گیا ہے۔